لاہور: پاکستان ریلوے نے مسافروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سنا دی۔ چار سال کی طویل بندش کے بعد "خوشحال خان خٹک ایکسپریس” کو دوبارہ چلانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ ٹرین اپریل کے آخر میں دوبارہ اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔
یاد رہے کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو سال 2020 میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد سے عوام اس کی بحالی کے منتظر تھے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹرین مین لائن 2 پر چلنے والی ایک منافع بخش اور مقبول عوامی سروس ہے، جو کراچی سے پشاور تک کا سفر طے کرتی ہے اور راستے میں کئی اہم شہروں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس ٹرین کی بحالی سے نہ صرف عوام کو سستی اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی، بلکہ ریلوے کے ریونیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔