کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج اور معروف معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ صدر زرداری کی طبیعت اب مکمل طور پر بہتر ہو رہی ہے اور امکان ہے کہ وہ کل یا پرسوں اسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر زیر گردش قیاس آرائیوں اور افواہوں کو سختی سے مسترد کیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے واضح کیا کہ صدر مملکت کو بخار اور سردی کی شکایت پر پیر کی رات کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں فوری طور پر ان کا علاج شروع کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کو کسی سنجیدہ نوعیت کی بیماری لاحق نہیں اور وہ میڈیکلی فٹ ہیں۔
ڈاکٹر عاصم نے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا، “افسوس ہے کہ بھارتی میڈیا اور ہمارے سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اور من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں، جن میں کوئی صداقت نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ صدر کو ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم دیکھ رہی ہے، جس میں انفیکشن کنٹرول کے ماہر ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ موجودہ وائرس کورونا کی ایک نئی قسم ہے، جو ماضی کے مقابلے میں کم مہلک ہے اور اس کے لیے موثر اینٹی وائرل ادویات بھی دستیاب ہیں۔
ڈاکٹر عاصم نے سیاسی حلقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ، “ہمارے ملک میں کچھ عناصر ہر چیز کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے کوئی بیمار ہو یا صحتمند۔ بھارت تو ویسے ہی دشمن ہے، لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ ہمارا اپنا سوشل میڈیا بھی بھارتی سوشل میڈیا سے خبریں اٹھا کر پھیلاتا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ چند ضروری دوائیں جو پاکستان میں دستیاب نہیں تھیں، اسپتال کی جانب سے فوری طور پر ارینج کی گئیں، جس کے بعد صدر مملکت کی صحت میں تیزی سے بہتری آئی ہے۔ آخر میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ صدر زرداری مکمل طور پر روبہ صحت ہیں اور انشاءاللہ جلد ہی وہ معمول کے فرائض سر انجام دینا شروع کر دیں گے۔