وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پیٹرول سے حاصل ہونے والے وسائل کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کرے گی اور جلد وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔
لاہور میں کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست چمکانے کی بجائے عوامی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اور جو کوئی سیاست کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرے گا، اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بھی وزیر اعظم کی معاشی بحالی کی کوششوں کو سراہا ہے اور حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے تیار ہے۔
بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جلد بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، جس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ اس سلسلے میں قومی سلامتی کے امور پر غور کیا جا رہا ہے اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان مشکل وقت میں ملک کا دفاع کر رہے ہیں اور پوری قوم کو ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔
حکومت کے اس فیصلے کو عوامی سطح پر بڑی امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ مہنگائی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں نے شہریوں کو شدید مالی مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اپنے دعوؤں پر کب اور کیسے عمل درآمد کرتی ہے۔