لاہور: سی ٹی ڈی نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف برکی روڈ کے قریب آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک خودکش حملہ آور گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں دو خطرناک دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی گئی۔ جیسے ہی سی ٹی ڈی کی ٹیم موقع پر پہنچی، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد زخمی ہو کر فرار ہو گیا، جبکہ دوسرا دہشت گرد، جو خودکش حملے کی نیت رکھتا تھا، گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار دہشت گرد کی شناخت حافظ شمس کے نام سے ہوئی ہے، جو بلوچستان کا رہائشی اور کالعدم تحریک طالبان کا اہم رکن ہے۔ اس کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا، جو کسی بڑے حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے انکشاف کیا کہ دہشت گرد لاہور میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔
دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب، سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے برکی کے نواحی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا تاکہ فرار ہونے والے زخمی دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس کارروائی سے لاہور کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا اور سیکیورٹی اداروں کی مستعدی نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔