لاہور: پنجاب حکومت نے اسکول ایجوکیشن میں بہتری کے لیے ‘سی ایم ایجوکیشن کارڈ’ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 80 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو ‘سی ایم ایمیننس اسٹار کارڈ’ دیا جائے گا۔ حکومت نے صوبے میں جدید ‘اسکول آف ایمیننس’ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جنہیں ہر تحصیل میں بنایا جائے گا تاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے میٹرک ٹیک کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنانے کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ہے۔ انہوں نے ہر سال دو ملین بچوں کی انرولمنٹ کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مزید برآں، میٹرک ٹیک کے ذریعے تعلیم میں نئی جدتیں متعارف کرانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔