اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ حکومت نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کریں گے۔ اجلاس میں صدر کے خطاب کے علاوہ کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی اور خطاب مکمل ہوتے ہی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا۔ صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیے جانے کا امکان ہے۔ اپوزیشن جماعتیں حکومتی پالیسیوں پر سخت ردعمل دے سکتی ہیں، تاہم حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج کو روکنے اور اجلاس کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ایوان آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا استقبال کریں گے۔ صدر زرداری اپنے خطاب سے قبل اسپیکر چیمبر میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں اجلاس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔