ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ سحری کے وقت بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشتگردوں نے لکھانی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، لیکن مستعد اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرکے انہیں فرار ہونے پر مجبور کر دیا.
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کے مطابق دہشتگردوں نے منظم منصوبہ بندی کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم جوانوں نے نہ صرف اپنے مورچے سنبھالے بلکہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشتگرد اپنے عزائم میں ناکام ہو کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں نے نہ صرف اپنی چیک پوسٹ کا دفاع کیا بلکہ ملک دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب بھی دیا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ڈی جی خان کی سرحدی پٹی پر موجود پولیس فورس نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے اور اس بار بھی ان کے مزموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کے حوصلے اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع کے لیے فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، یہ حملہ حالیہ دنوں میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں میں اضافے کی کڑی ہو سکتا ہے، اور سکیورٹی ادارے اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی ممکنہ حملے کو روکا جا سکے۔