اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 3 روپے فی یونٹ سستی کر دی گئی۔ ملک کے باقی حصے میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 12 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔
کے الیکٹرک کے صارفین کو یہ ریلیف دسمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملے گا۔ دیگر علاقوں کے صارفین کو جنوری 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ملے گی۔ صارفین کو مارچ 2025 کے بجلی کے بلوں میں اس کمی کا فائدہ پہنچے گا۔ یہ کمی بجلی صارفین کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی، خاص طور پر ان دنوں جب بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے سے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا۔