بہاولپور: صحرائے چولستان کے علاقے ٹوبہ قاسم والا میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک خاتون اور چار بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاتون چائے بنا رہی تھی کہ اچانک چولہے سے بھڑکنے والی آگ نے قریبی جھگیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ چونکہ یہ جھگیاں گنے کی فصل کی باقیات سے بنی ہوئی تھیں، اس لیے آگ تیزی سے پھیل گئی اور جان لیوا ثابت ہوئی۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے چار سال کے درمیان تھیں۔ تمام لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔