اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ناقص تعمیرات ایک بار پھر بے نقاب ہو گئیں، اور لاؤنج کی چھت سے پانی ٹپکنے لگا۔ ائیرپورٹ انتظامیہ نے صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے ٹپکتی چھت کے نیچے بالٹیاں رکھ دی ہیں، تاہم انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک آمد کے لاؤنج میں موجود مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے مسافروں کو چلنے میں دشواری پیش آ رہی ہے، جبکہ کئی افراد نے ائیرپورٹ کی ناقص حالت پر اظہارِ برہمی کیا۔
جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں اب تک 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ واسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب کے کام میں مصروف ہیں۔ نالہ لئی اور دیگر ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی چھت بارش کے پانی کے سامنے بے بس ہوئی ہو۔ اس سے قبل بھی بارش کے دوران چھت سے پانی ٹپکنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید طرز کے اس ائیرپورٹ کی بار بار خراب حالت انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے ائیرپورٹ میں اس قسم کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ حکام فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں تاکہ آئندہ مسافروں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔