پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو ایک بار پھر جاڑے کا احساس ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، تاہم ساتھ ہی سردی کی واپسی بھی ہوگئی ہے۔ ملتان، شیخوپورہ، حافظ آباد، کوٹ ادو اور گردونواح کے علاقوں میں رات گئے اور صبح کے وقت ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ بارش کے بعد ہوا میں نمی بڑھ گئی، جبکہ شہریوں نے دوبارہ گرم کپڑے نکال لیے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ پشاور، مردان، ایبٹ آباد، سوات، دیر، اور بونیر میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ چند روز میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے.
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ نیلم ویلی، وادی لیپہ، مظفرآباد اور جاگراں ویلی میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ نیلم ویلی میں جاگراں کے مقام پر برفباری کے دوران سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ محکمہ شاہرات کے مطابق جاگراں ویلی کٹن روڈ سے برف ہٹا دی گئی ہے اور سڑک کو بحال کر دیا گیا ہے، تاہم شدید برفباری کے باعث بعض دیگر علاقوں میں راستے جزوی طور پر بند ہوسکتے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، ہرنائی اور لورالائی میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی کے بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے کئی دیگر علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ بارشوں کے اس نئے سلسلے کے باعث سردی میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرم کپڑوں کا استعمال جاری رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر برفباری والے علاقوں میں جانے والے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔