تاشقند: وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان کانگریس سینٹر تاشقند میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ازبک صدر نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستانی وفد کا تعارف کرایا۔
وزیر اعظم آذربائیجان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد تاشقند پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ازبک وزیر اعظم عبداللہ عاریپوف، وزیر خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ ازبک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف تاشقند میں مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم یادگار آزادی کا دورہ کریں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور ازبک عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کریں گے۔ انہیں ازبکستان کی 3000 سالہ تاریخ پر مشتمل منبت کاری کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔ ازبک صدر سے دو طرفہ ملاقات میں علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، تعلیم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دو طرفہ تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان اور ازبکستان کے کاروباری برادری سے خطاب کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری مواقع کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا۔ وزیر اعظم ازبکستان کی تعمیری صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کا جائزہ لیں گے۔