کراچی: پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، خیبرپختونخوا کے وزیرستان بلاک میں نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق، سپنوام ون کنویں سے یومیہ 12.96 ملین کیوبک فٹ گیس اور 20 بیرل خام تیل برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ماڑی انرجیز نے وزیرستان بلاک میں کھدائی 28 مئی 2024 کو شروع کی تھی، اور اب اس کامیاب دریافت کا اعلان کیا گیا ہے۔
ماڑی پٹرولیم کے مطابق، کمپنی وزیرستان بلاک میں بطور آپریٹر کمپنی کام کر رہی ہے اور 55 فیصد شیئرز کی مالک ہے، جبکہ اس جوائنٹ وینچر میں او جی ڈی سی ایل اور او پی آئی بھی شامل ہیں۔ ماڑی پٹرولیم کے ترجمان نے بیان دیا کہ یہ دریافت پاکستان کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافے کا سبب بنے گی اور کمپنی مستقبل میں بھی مزید وسائل کی تلاش کے لیے پُرعزم ہے۔ کمپنی نے اس کامیابی پر قومی سلامتی اداروں، وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون کو سراہا ہے۔