پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سندھ کے پانی کے مسئلے پر اس کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کا ایک وفد سندھ کے دورے پر ہے، جہاں وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔ اس وفد نے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بھی ملاقات کی، جبکہ پیر محمود اچکزئی کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے قادر مگسی اور ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی۔
حیدرآباد میں گھمن ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام خطوں کے مسائل ایک جیسے ہیں اور جو الائنس تشکیل دیا گیا ہے، اس کا مقصد ہر خطے کے عوام کو ان کے حقوق دلوانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی کسی اور طرف جانے نہیں دیں گے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پانی بنیادی انسانی حق ہے اور اب یہ حق بھی سندھ سے چھینا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی کا رخ موڑ کر سندھ کو اس کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر پیپلز پارٹی نہ چاہے تو موجودہ حکومت دو دن بھی قائم نہیں رہ سکتی۔ ملاقات کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کے ساتھ قادر مگسی نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر ہمارا مؤقف پی ٹی آئی کے ساتھ مشترک ہے۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد سے اپیل کی ہے کہ سندھ کے پانی کے مسئلے پر مضبوط مؤقف اپنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے سندھ کے عوام کو نظر انداز کیا تھا اور آج بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔