کراچی میں نیٹی جیٹی پل پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے کار پل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں معروف صنعتکار اشرف اور ان کا بیٹا نوید جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، ٹرالر نے گاڑی کو ٹکر ماری، جس کی زد میں آکر ایک رکشہ اور ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی بے قابو ہو کر پل سے نیچے جا گری۔
گاڑی میں سوار صنعتکار اشرف اور ان کا بیٹا نوید موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ نوید کا ایک بھائی معمولی زخمی ہوا۔پولیس حکام کے مطابق، حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے ٹرالر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔اشرف سائٹ ایریا میں واقع اپنی فیکٹری جا رہے تھے جب حادثہ پیش آیا۔ ان کی فیکٹری میں پلاسٹک سے مختلف اشیا تیار کی جاتی تھیں اور وہ ڈیفنس کراچی کے رہائشی تھے۔
کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 126 تک پہنچ چکی ہے، جو شہریوں کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غفلت کے باعث حادثات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔