کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایدھی حکام کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ ڈی این اے رپورٹ آنے تک مقتول کی لاش ایدھی سرد خانے میں محفوظ رکھی جائے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ڈی این اے رپورٹ مثبت آتی ہے تو لاش لواحقین کے حوالے کر دی جائے گی، بصورت دیگر لاوارث قرار دے کر اسے دوبارہ قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے مطابق مصطفیٰ عامر کی لاش سے 11 نمونے حاصل کیے گئے ہیں، جو مزید تحقیقات کے لیے جامعہ کراچی کی فرانزک لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔ ڈی این اے رپورٹ تین سے چار روز میں متوقع ہے، جس کے بعد ہی لاش کے حتمی تصرف کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مصطفیٰ عامر کی لاش قبر کشائی کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی تھی، اور ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے اس کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔