لاہور: میو ہسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں لفٹ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سٹاف نرسز اور شہری شامل ہیں، تاہم کسی کو شدید چوٹیں نہیں آئیں. لفٹ میں فنی خرابی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ نئی لفٹ گزشتہ سال "فرینڈز آف میو ہسپتال” تنظیم نے نصب کروائی تھی۔ شہریوں کا کہنا ہے ایک روز پہلے ہی لفٹ سے غیر معمولی آوازیں آ رہی تھیں۔ ابتدائی انکوائری کے مطابق لفٹ اوپر سے نیچے آتے ہوئے زمین پر آ گری۔ میو ہسپتال میں یہ گزشتہ چند سالوں میں لفٹ گرنے کا تیسرا واقعہ ہے۔
زخمی ہونے والے افراد میں ہیڈ نرسز شازیہ منیر، ایسٹر روف، فرحانہ جبیں، نجمہ پروین، عابدہ پروین، چارج نرسز روبینہ زیدی، ارم شہزادی، ثمینہ اقبال اور طالبہ مریم رمضان، سپروائزر نورین امین کے علاوہ ایک اٹینڈنٹ سونیا ممتاز شامل ہیںمیو ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، اور واقعے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔