اسلام آباد: رمضان المبارک 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 28 فروری 2025 کو پشاور میں منعقد ہوگا۔ وفاقی حکومت پورے ملک میں ایک ساتھ رمضان المبارک کے آغاز کے لیے کوششیں کر رہی ہے، اور اسی تناظر میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات پر اجلاس منعقد کریں گی، جبکہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق، اجلاس کے تمام انتظامات وزارت کی زیر نگرانی کیے جائیں گے۔ مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد ملک بھر میں رمضان کے آغاز کا متحدہ اعلان کیا جائے گا۔