لاہور: شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزیوں پر حکومت پنجاب نے سخت نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کو فارم ہاؤسز اور پرائیویٹ تقریبات میں بھی ون ڈش پالیسی کا مکمل نفاذ یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شادیوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اس قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شادیوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی کم آمدنی والے والدین کے لیے بوجھ بنتی ہے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فارم ہاؤسز اور پرائیویٹ تقریبات بھی اس پالیسی کے دائرے میں آئیں گی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ متعلقہ علاقوں میں انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرائے۔ اس کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں ون ڈش کی خلاف ورزی سامنے آئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ ڈپٹی کمشنر ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں شادیوں میں سادگی کو فروغ دیا جائے اور ون ڈش کی پالیسی کے نفاذ میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔