پشاور: ضلعی انتظامیہ نے اسکولز کے قریب غیر معیاری خوراک کی فروخت پر 30 دن کے لیے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے اسکولز کے قریب غیر معیاری خوراک کی فروخت پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت اسکولز کے 150 میٹر کی حدود میں غیر معیاری خوراک کی فروخت ممنوع ہوگی۔ جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ غیر معیاری چپس اور دیگر خوراک بیچنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب، پشاور ایئرپورٹ کے اطراف میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ہوائی اڈے اور اس کے اطراف میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، کبوتر اڑانے اور لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ کے اطراف لیزر لائٹس اور کبوتروں کی دکانوں پر بھی پابندی عائد کی جائے گی، اور یہ فیصلہ ہوائی جہاز اور عوام کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے۔