اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ انہیں کسی کا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ "اگر کوئی خط ملا تو وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔”آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور اسے مزید آگے بڑھنا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھے جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھا، جس میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کے معاملے پر بات کی گئی ہے۔اس پر سکیورٹی ذرائع نے کہا تھاکہ آرمی چیف کو عمران خان کا کوئی خط موصول نہیں ہوا، انہیں ایسے کسی خط کو پڑھنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ کر پالیسیوں میں تبدیلی کی درخواست کی تھی، مگر ان خطوں پر بھی سیکیورٹی اداروں نے کسی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا تھا۔