پاکستان بھر میں آج شب برات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر مساجد میں بابرکت محافل کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں علماء کرام شب برات کی فضیلت اور برکات پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ مسلمان پوری رات عبادات، نوافل اور ذکر و اذکار میں مشغول رہیں گے۔ یہ رات مغفرت اور رحمت کا خصوصی موقع ہے۔ احادیث کے مطابق، اللہ تعالیٰ اس رات لاکھوں گناہگاروں کی بخشش فرماتے ہیں اور کائنات کے تمام امور جیسے رزق، کامیابی، صحت اور زندگی و موت کے فیصلے طے کیے جاتے ہیں۔
شب برات کے موقع پر خصوصی عبادات کا سلسلہ پوری رات جاری رہے گا، جس میں نماز نفل، توبہ استغفار، قرآن کی تلاوت اور دعائیں شامل ہوں گی۔ لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستان بھی جائیں گے اور اللہ تعالیٰ سے ملک و قوم کی سلامتی، برکت اور ترقی کی دعائیں کریں گے۔ یہ مبارک رات اللہ کی رحمتوں، مغفرت اور نجات کا ذریعہ ہے، جس میں مسلمان اپنے گناہوں کی معافی اور دنیا و آخرت کی بھلائی کے لیے دعا کرتے ہیں۔