لاہور– پاکستان ریلوے نے اپنی نجکاری پالیسی کے تحت مزید سات مسافر ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ٹرینوں کی نیلامی کے لیے بولیاں (بڈز) 25 فروری تک وصول کی جائیں گی۔ نجی شعبے کو دی جانے والی ٹرینوں میں ہزارہ ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، راولپنڈی ایکسپریس اور موہنجو دڑو ایکسپریس شامل ہیں۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق یہ مکمل نجکاری نہیں بلکہ آؤٹ سورسنگ کا عمل ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورسنگ سے ریلوے کے مالی معاملات میں بہتری آئے گی اور عوام کو جدید اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔