پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ سے پاور شیئرنگ فارمولے پر مذاکرات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام کمیٹیوں کو تحلیل کر دیا ہے۔ اب اس معاملے پر صدرِ مملکت براہِ راست وزیراعظم سے بات چیت کریں گے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں پاور شیئرنگ کے فارمولے اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ سے مذاکرات کا مکمل اختیار صدرِ مملکت کو دے دیا گیا ہے، جو وزیراعظم سے اس معاملے پر مذاکرات کریں گے۔
اجلاس کے دوران زرعی ٹیکس کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے وفاقی حکومت کی جانب سے زرعی شعبے پر عائد 45 فیصد ٹیکس کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے اسے کم کرکے 20 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی۔
علاوہ ازیں، پیپلز پارٹی کے ارکان نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر تفصیلی غور کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے پیکا ایکٹ میں مجوزہ ترامیم پر پارٹی کو ایک واضح اور ٹھوس موقف اپنانا چاہیے تاکہ عوامی اعتماد بحال رکھا جا سکے۔