اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا مقصد صرف رسمی ملاقاتیں یا تصویریں کھنچوانا نہیں تھا بلکہ یہ مذاکرات 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کمیشن کے قیام کے لیے کیے گئے تھے۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت جاری ہے اور اب اس کیس کی اگلی سماعت 4 تاریخ کو مقرر ہے، جہاں جج صاحب نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملہ نمٹ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے متعدد وکلا کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے بہت سے کیسز میں وہ عدالت کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل ایک بہترین راستہ تھا اور ہم نے اپنے تحفظات کے باوجود بڑی دلجمعی اور خلوص کے ساتھ اس عمل کا آغاز کیا تھا۔ تاہم انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت نے ہم سے زیادتی کی اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام معاملات کے باوجود خان صاحب نے صرف دو مطالبات کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا تھا، جن پر وہ بات چیت کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا پہلا دور 23 دسمبر کو ہوا تھا، جس کے بعد دو جنوری اور پھر 16 جنوری کو ملاقات ہوئی۔ اس دوران ہم نے حکومت کو کہا تھا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر کمیشن کے قیام کا اعلان کرے، لیکن 16 جنوری کے بعد سے اب تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کمیشن بنانے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے نشاندہی کی کہ کمیشن کے قیام کے سلسلے میں ججز کا انتخاب، ٹی او آرز کی تشکیل اور دیگر معاملات طے ہونا تھے، لیکن حکومت نے اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمیشن نہیں بنایا جا رہا تو حکومت کے ساتھ محض رسمی ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں، اور یہی وجہ ہے کہ خان صاحب نے ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کی خواہاں رہی ہے۔ یہ عمل خود عمران خان نے شروع کیا تھا اور پہلی کمیٹی بھی انہی کی قیادت میں بنائی گئی تھی۔