کراچی:ایمریٹس ایئرلائن نے پاکستان میں اپنے کاروبار کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ پر کارگو بزنس حب قائم کرنے کے لیے ایئرپورٹس اتھارٹی سے رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن نے کراچی ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر 90 ہزار اسکوائر فٹ جگہ فراہم کرنے کی درخواست دی ہے۔ کارگو بزنس کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے ایمریٹس نے اپنا کارگو حب کراچی میں بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کراچی میں کارگو بزنس کے حوالے سے ایمریٹس ایئرلائن سرِفہرست ہے۔ 2024 کے دوران کراچی سے ایمریٹس نے 27 ہزار ٹن سے زائد کارگو اٹھایا، جو سب سے زیادہ ہے۔
دوسری طرف، پی آئی اے منصوبہ بندی کی کمی اور عدم توجہی کے باعث 2024 میں صرف 2 ہزار ٹن کارگو کا کاروبار ہی حاصل کر سکی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، ایمریٹس ایئرلائن کی درخواست کے پیش نظر ایئرپورٹس اتھارٹی نے کارگو ٹرمینل پر جگہ فراہم کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔