اپوزیشن اتحاد فروری میں اے پی سی کے انعقاد پر سنجیدہ غور
اسلام آباد:حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد نے فروری میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں ملک کے سیاسی، معاشی، آئینی اور سکیورٹی چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، اپوزیشن رہنماؤں نے جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد کا مقصد آئین کی حکمرانی اور قانون کے احترام کو بحال کرنا ہے۔ اس کانفرنس میں سول سوسائٹی، وکلاء، ماہرین تعلیم، اور کسان رہنماؤں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا۔
اجلاس کا مقصد حکومتی نااہلیوں پر بات کرتے ہوئے ملک کو درپیش بحرانوں کے حل کے لیے تجاویز پیش کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن اتحاد نے حالیہ ملاقاتوں میں یہ معاملہ زیر بحث لایا ہے اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سے بھی مشاورت کی ہے۔
مزید یہ کہ اپوزیشن اتحاد مختلف سیاسی شخصیات سے رابطے کر رہا ہے، اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے رابطے کا امکان بھی زیر غور ہے۔ اگر فواد چوہدری اتحاد کا حصہ بنتے ہیں تو وہ مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں، خاص طور پر موجودہ حالات میں جب ان کی پی ٹی آئی میں واپسی غیر یقینی ہے۔