کراچی:نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے افتتاحی پرواز کراچی سے روانہ ہوگئی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن کی گوادر جانے والی پرواز پی کے 503، روانگی کے وقت میں 45 منٹ کی تاخیر کا شکار ہوئی۔ یہ پرواز صبح 9:15 پر روانہ ہونا تھی تاہم 10 بجے گوادر کے لیے اڑان بھری۔ پہلی پرواز کے گوادر ائیرپورٹ پہنچنے پر اسے خصوصی طور پر واٹر سیلوٹ پیش کیا جائے گا۔
قومی ایئرلائن کا طیارہ 46 مسافروں کو لے کر 11 بج کر 15 منٹ پر نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بطور پہلی کمرشل پرواز لینڈ کرے گا۔ وزیر دفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف ہوائی اڈے پر اس پرواز کا استقبال کریں گے۔
گوادر پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے، جسے عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس ائیرپورٹ پر بڑی گنجائش والے ایئربس 380 طیارے بھی بآسانی لینڈ کر سکیں گے۔ اس اہم منصوبے کی تعمیر کا آغاز 2019 میں کیا گیا تھا، اور اسے گزشتہ سال نومبر 2024 میں مکمل کیا گیا۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً 50 ارب روپے (جس میں چینی گرانٹ بھی شامل ہے) کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے۔
غیرمعمولی گنجائش رکھنے والے اس ایئرپورٹ سے یومیہ بنیاد پر 50 سے زائد ایئرلائنز کو ایندھن اور کارگو کی خدمات فراہم کی جا سکیں گی، جو اسے عالمی معیار کے ایوی ایشن نیٹ ورک کا اہم حصہ بناتا ہے۔