اسلام آباد :آئی ایم ایف نے اپنی تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی تین فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق، حکومت نے اس سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا تھا، تاہم آئندہ مالی سال پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے تحت ترقی 4 فیصد تک جا سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ میں خطے اور دنیا کے دیگر ممالک کی معیشتوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، رواں مالی سال بھارت کی معاشی ترقی 6.5 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ مالی سال بھی یہ شرح برقرار رہ سکتی ہے۔
امریکا کی معیشت کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال اس کی اقتصادی ترقی 2.7 فیصد رہے گی، تاہم آئندہ مالی سال میں یہ کم ہوکر 2.1 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔
چین کی معیشت کی بات کی جائے تو رواں مالی سال اس کی ترقی کی شرح 4.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو آئندہ مالی سال معمولی کمی کے ساتھ 4.5 فیصد تک متوقع ہے۔
رپورٹ میں برطانیہ کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال اس کی معاشی ترقی 1.6 فیصد رہے گی جبکہ آئندہ مالی سال یہ 1.5 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔