کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
کراچی: محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو شہر میں بعض اوقات تند و تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جن کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ اگلے کئی دنوں تک کراچی کا موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ لاڑکانہ، تھرپارکر اور عمرکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی شدید سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبے کے وسطی اور بالائی اضلاع میں رات اور صبح کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔
مزید تفصیلات دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 18 جنوری سے مغربی ہواوں کا ایک نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا۔ اس مغربی سلسلے کے تحت کراچی میں بارش کا امکان فی الحال نہیں ہے۔ تاہم، مغربی سلسلے کے اختتام پر عقب سے آنے والی سرد ہوائیں کراچی کا رخ کرسکتی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ نئے مغربی سسٹم کے تحت سرد اور خشک ہوائیں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کراچی پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ ان ہواؤں کی شدت معمول سے زیادہ ہوگی، جس کے نتیجے میں سردی کا احساس مزید بڑھ جائے گا۔