اسلام آباد:سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے مقدمات کی سماعت کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر کارروائی ہوئی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ 9 مئی کو لوگوں کا کورکمانڈر ہاؤس تک پہنچنا سیکیورٹی کی ناکامی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا 9 مئی کے واقعات میں کسی فوجی افسر کے خلاف بھی کوئی ٹرائل ہوا؟
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل دوبارہ پیش کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ماضی میں ایف بی علی کیس میں جن افراد پر مقدمہ چلایا گیا، وہ ریٹائرڈ فوجی تھے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں اگر کسی سپاہی اور سویلین کے درمیان تنازع ہو تو کیس کہاں جائے گا؟ وکیل نے جواب دیا کہ اختلافات الگ مسئلہ ہیں، جبکہ فوجی عدالتوں کے دائرہ کار کو غیر ضروری طور پر بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔
خواجہ حارث نے وضاحت کی کہ امن کے زمانے میں بھی فوجی معاملات میں مداخلت کرنے والے سویلین کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہی ہوگا۔ جسٹس حسن اظہر نے سوال اٹھایا کہ سازش کرنے والا کوئی ماسٹر مائنڈ بھی ہوگا، اس کی نشاندہی کون کرے گا؟
وکیل وزارت دفاع نے جواب دیا کہ ماسٹر مائنڈ کا مقدمہ بھی فوجی عدالت میں ہی چلایا جائے گا۔ یہ اچانک شروع نہیں ہوا بلکہ 1967 سے یہ قانون نافذ ہے۔
جسٹس حسن اظہر نے تبصرہ کیا کہ ایف بی علی کیس سول مارشل لا کے دور میں ہوا تھا، جب ذوالفقار علی بھٹو سول مارشل لا ایڈمنسٹریٹر تھے۔ انہوں نے وزارت دفاع کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا 9 مئی کے واقعات میں کسی فوجی افسر کے خلاف کارروائی ہوئی؟
وکیل نے بتایا کہ مظاہرین پر املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں اور اس واقعے میں کسی فوجی افسر کو چارج نہیں کیا گیا۔ جسٹس حسن اظہر نے مزید کہا کہ 9 مئی کو ملٹری تنصیبات پر حملے کے دوران کیا کوئی مزاحمت کی گئی؟ وکیل نے وضاحت کی کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔
عدالت نے فوجی عدالتوں کے مقدمات کی سماعت کو کل تک کے لیے ملتوی کر دیا۔