سردی کی شدت کے باعث تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تمام تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، لیکن سردی کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے نئے اوقات جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق اب پنجاب بھر کے تمام سکول صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، جب کہ جمعہ کو سکول صبح 9 سے دوپہر 12 بجے تک کھلیں گے۔ محکمہ تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں یونیفارم میں نرمی کی اجازت 15 فروری تک دی گئی ہے۔
یہ بات بھی سامنے آئی کہ سردی کی شدت کے باعث سوشل میڈیا پر سکولوں کی تعطیلات میں اضافے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم محکمہ تعلیم نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ تعطیلات میں مزید توسیع نہیں کی گئی۔