نجی سطح پر حج پر کتنے پیسے خرچ ہوں گے، وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نجی حج کمپنیوں اور ان کی ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی نجی عازمین حج کے پیکیجز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک کی جائے گی، اور مختلف پیکیجز وزارت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی حج پیکیج کی قیمت 11 لاکھ سے 21 لاکھ روپے کے درمیان ہے، اور حج منظم کمپنیاں ایس پی اے کے مطابق عازمین کی بکنگ کریں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ اگر پیکیج کی قیمت 30 لاکھ روپے سے زیادہ ہو تو اسے "حج پالیسی فارمولیشن کمیٹی” سے منظور کروانا ضروری ہوگا، اور اس کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کے پیکیجز کے خریدار اور بیچنے والوں کی معلومات ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ بکنگ کے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ "پاک حج” سے تصدیق کر لیں، پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ سے کریں، اور سہولتوں کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ وہ پیکیج کی تمام سہولتوں کو اچھی طرح سمجھ کر بکنگ کروائیں۔