کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر صنم جاوید سمیت دوسرے کارکنوں نے بھی فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، حماد اظہر اور صنم جاوید نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 3 رکنی فل بینچ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی جانب سے 3 حلقوں میں کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے شاہ محمود قریشی کے حلقہ پی پی 218،این اے 150 اور151 سے کاغذات مسترد ہوئے تھے۔
مریم نواز کی مدمقابل پی ٹی آئی کی امیدوار صنم جاوید خان نے اپیلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنچ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایپلٹ ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپیلٹ ٹریبونل نے جوائنٹ اکاونٹ کو بنیاد بنا کر میرے کاغزات مسترد کیے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی منظور اور الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا حکم دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صنم جاوید 8 ماہ سے قید ہیں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے اور انکے خلاف جھوٹے مقدمات کو ختم کیا جائے۔