لاہور :صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اگر بلوائیوں کو ریلیف دیا گیا تو ملک میں دوبارہ 9 مئی جیسے واقعات کا خدشہ رہے گا۔ کے پی کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں فسادیوں کے اعزاز میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جہاں انہیں ہلہ شیری دی جاتی ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے ملک میں دوبارہ انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایسے افراد کو ہرگز معافی نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک اپنے افعال پر شرمندگی کا اظہار نہیں کیا اور وہ اپنی غلطیوں پر معافی مانگنے کے بجائے دوسروں پر الزامات لگاتے رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ایک طرف یہ لوگ معافی نامہ لکھتے ہیں اور دوسری طرف عوام کے سامنے آکر ناشائستہ زبان استعمال کرتے ہیں۔ ان کی نیت صاف نظر آتی ہے اور یہ دوبارہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایسے افراد کو رعایت دینے کے بجائے ان کے دروازے بند کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ معافیاں مانگ کر باہر آئے ہیں، انہیں دوبارہ ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ افسوس کہ پاک فوج نے ان افراد کو رعایت دی، حالانکہ معافی صرف اسی کو ملنی چاہیے جو اخلاص کے ساتھ معافی مانگے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی جھوٹ کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ وہ سفید کو سیاہ اور سیاہ کو سفید ثابت کرنے کی کوشش میں مظلوم بن کر ہیرو کے طور پر خود کو پیش کرتے ہیں، جس کا انجام سوشل میڈیا کی مشہوری تک محدود ہوتا ہے۔
مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان جیل میں خاص اشیاء کا استعمال کر رہے ہیں جیسے بھنے ہوئے دیسی مرغے اور ڈرائی فروٹ۔ ان کے جیل کے معاملات کو جیل ریفارمز کا رنگ دینا ان کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے کے لیے قابل تعریف اقدامات کیے ہیں۔ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 4 فیصد رہ گئی ہے، جو گزشتہ 81 مہینوں میں سب سے کم ہے۔
انہوں نے بجلی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے دیے گئے 54 ارب روپے کے ریلیف اور نئے سولر پروگرام کی بھی تعریف کی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے 100 اور 200 یونٹ کے صارفین کو شفاف انداز میں بیلٹنگ کے ذریعے سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ اس سکیم سے صرف وہی افراد مستفید ہوں گے جو بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مظفر گڑھ میں شرمز فارمنگ کے منصوبے کو جنوبی پنجاب کی ترقی کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 ایکڑ پر مشتمل شرم فارم کی پیداوار جنوبی پنجاب کو اس شعبے میں حب بنادے گی اور نجی شعبے کو بھی اس پروگرام کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی ہے۔