اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو بتایا ہے کہ قطر کے قریب زیر سمندر کیبل میں خرابی کے باعث ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا کہ زیر سمندر کیبل اے اے ای-1 میں خرابی ہوئی ہے، جو پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے استعمال ہونے والی سات کیبلز میں سے ایک ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق، اس خرابی کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ صارفین کی سروس متاثر ہو سکتی ہے۔ اس خرابی کو دور کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ پی ٹی اے صورت حال کی نگرانی کر رہی ہے اور صارفین کو معلومات فراہم کرتی رہے گی۔
پی ٹی اے نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ سروس کی بحالی تک صبر کریں۔