واشنگٹن:ورلڈ بینک کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران غربت میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایک سال میں مزید 1.3 کروڑ لوگ غربت کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ 2023 کی نسبت غربت کی شرح 25.3 فیصد رہی جو وبائی بیماریوں، سیلاب اور معیشت کے مسائل کے اثرات کی عکاس ہے۔ 2019 میں کورونا بحران کے دوران غربت کی شرح میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا تھا، مگر 2022 میں اس میں کمی آنا شروع ہوئی تھی۔
تاہم 2023 کے سیلاب نے معیشت کو سخت نقصان پہنچایا، زرعی پیداوار متاثر ہوئی، مہنگائی بڑھ گئی اور اس کی وجہ سے غربت کی شرح ایک بار پھر بڑھی۔ رپورٹ میں یہ بات بھی کہی گئی ہے کہ مزدوروں کی آمدنی نے غربت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ خاص طور پر اعلیٰ آمدنی والے روزگار کے مواقع لوگوں کو مہنگائی کے منفی اثرات سے بچانے میں مددگار ثابت ہوئے۔ 2024 میں معیشت میں بحالی کی توقع ہے، اور 2025 میں غربت کی شرح 18.7 فیصد تک گرنے کی امید ہے۔