اسلام آباد:بجلی کے فی یونٹ میں بڑی کمی کا فارمولا تیارکر کے نیپرا نے سفارشات سفارشات حکومت کو پیش کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 15 روپے فی یونٹ سے زائد کمی کا فارمولا تیار کرلیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے سفارشات حکومت کو پیش کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق بیلنس آف ٹیرف کے ذریعے نرخوں میں کمی ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے فی یونٹ کپیسٹی چارجز اور سرچارجز پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔ آپریشنل خامیوں کو دور کر کے بھی بجلی کے نرخ کم کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق فی الوقت بجلی کی قیمت 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ ہے، جس میں 17 روپے 1 پیسے کپیسٹی چارجز، 15 روپے 28 پیسے ٹیکس اور سرچارج، اور 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن شامل ہیں۔
مزید یہ کہ ایک پیسہ فی یونٹ مرمت، آمدنی کے حصول اور آئندہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے وصول کیا جاتا ہے، جبکہ ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ ٹرانسمیشن چارجز میں جاتے ہیں۔ خالص پیداواری لاگت صرف 7 روپے 62 پیسے فی یونٹ بنتی ہے۔
سفارشات کے مطابق، اگر 7 روپے 52 پیسے سرچارجز اور 67 پیسے ایڈجسٹمنٹ کو ختم کردیا جائے تو فی یونٹ قیمت 25 روپے 20 پیسے تک کم ہو سکتی ہے۔ یوں 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم ہو کر 20 روپے 4 پیسے تک آ سکتی ہے۔