تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے کیس کی سماعت ہوئی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونےکے بعد پیش کیا۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت سے ملزمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی جو فاضل جج نے مسترد کرتے ہوئے ملزمہ صنم جاوید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔
اطلاعات کے مطابق سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی۔ واضح رہے صنم جاوید نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو کہ بعد میں مسترد کردیئے گئے۔
خیال رہے اس سے قبل سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی کارکن کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی تھی۔لاہور کی سیشن کورٹ میں صنم جاوید کے خلاف مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی تھی ۔ اسی سلسلے میں پولیس نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر صنم جاید کو عدالت میں پیش کیا تھااور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی تھی۔