حکومت نے نئے سال کے آغاز پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 56 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس سے اس کی قیمت 252 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 258 روپے 34 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔
قیمتوں میں یہ اضافہ رات 12 بجے سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی بدلتی قیمتوں کے پیش نظر نئے سال 2025 کے ابتدائی پندرہ دنوں میں ڈیزل، مٹی کے تیل اور ہلکا ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 4 سے 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں، اور موٹر سائیکلز میں استعمال کیا جاتا ہے، جس کا براہ راست اثر متوسط اور نچلے طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔
ٹرانسپورٹ کا زیادہ حصہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر انحصار کرتا ہے، جسے افراط زر کا اہم سبب سمجھا جاتا ہے۔ یہ زیادہ تر بھاری ٹرانسپورٹ جیسے ٹرینوں، ٹرکوں، بسوں، ٹریکٹرز اور زرعی انجنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کی قیمت میں اضافے کا اثر خصوصاً سبزیوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
حکومت اس وقت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔