نیا سال آگیا مگر انڈوں کی قیمت میں کمی واقع نہ ہوئی۔ نئے سال کی آمد پر جہاں شہری بڑے پرجوش اور خوش دکھائی دیے وہاں انڈوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے بھی شہریوں کے پریشانی کے باعث سردی میں پسینے چھڑوا دیے۔
سال 2023 سے شروع انڈوں کی قیمت میں اضافہ سال 2024 میں آکر بھی نہ رکا۔ بلکہ دکانداروں نے انڈوں کے نرخ مزید بڑھا دیے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد انڈوں کی قیمتیں ہوش اڑا دینے کے لیے کافی ثابت ہوئیں۔ انڈوں کی فی درجن قیمت فی کلو مرغی کے ریٹ سے بھی تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں فی درجن فارمی انڈوں کی قیمت 380 روپے فی درجن تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم دیسی انڈے 740 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔ اس کے برعکس زندہ مرغی کا ریٹ فی کلو 370 روپے ہے۔ جبکہ صافی گوشت کی قیمت 560 روپے فی کلوہو گئی ہے۔
واضح رہے سردیاں شروع ہوتے ہی ملک میں موسمی بیماریوں کا رجحان بڑھ جاتا ہے ۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو نزلہ و زکام کی شکایت رہتی ہے۔ اسی لیے سردیوں میں انڈوں کے استعمال کا رجحان بڑھ جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ انڈوں کے دام بھی چڑھ جاتے ہیں۔