خضر علیہ السلام کے متعلق بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں۔ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ عیسائی اور یہودی بھی ان سے متعلق سوال کرتے پائے جاتے ہیں کیونکہ خضر علیہ السلام نے موسی علیہ السلام سے ملاقات کی تھی، ان کے ساتھ وقت گزارا تھا اور انہیں کچھ علوم سکھائے تھے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ نبی تھے اور کچھ کا کہنا ہے کہ وہ نبی نہیں تھے بلکہ اللہ کے کوئی ولی تھے۔ بعض روایات میں ادریس علیہ السلام کو ہی خضر ؑ بتایا گیا ہے جبکہ بعض کا خیال ہے کہ الیاسؑ خضرؑ کا ہی دوسرا نام ہے۔
اسلامی تعلیمات اور علماء کی تحقیق کے مطابق خضرؑ اللہ کے نبی تھے، قرآن مجید میں سورہ کھف آیت ہے جس کا مفہوم ہے کہ (خضرؑ موسیؑ سے کہتے ہیں) یہ سب باتیں میں نے اپنی منشاء سے نہیں کیں۔ اسکا مطلب ہے کہ خضرؑ نے جو جو کام موسیؑ کی موجودگی میں کیے اور ان پر موسیؑ نے اعتراض کیا تو خضرؑ نے انہیں بتایا کہ یہ کام انہوں نے اپنی مرضی سے نہیں کیے یعنی کہ انہوں نے کو کیا وہ اللہ کریم کے حکم سے کیا اور اللہ نے اسکا علم انہیں ہر ہر موقع پر عطا کیا جوکہ وحی کی صورت میں ہی ہو سکتا ہے اور وحی صرف نبی پر نازل ہوتی ہے۔
کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ خضرؑ قیامت تک زندہ رہیں گے اور اب بھی آپؑ دنیا میں کسی نہ کسی جگہ موجود ہیں، کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اب بھی ہر سال ایک مرتبہ الیاسؑ اور خضرؑ کی ملاقات ہوتی ہے۔ ایسی تمام رویات جھوٹی ہیں اور خضرؑ کی دائمی عمر سے متعلق بنائی گئی احدیث بھی من گھڑت ہیں۔ قرآن مجید کی سورہ النبیاء کی ایک آیت کا ترجمہ ہے کہ اور اے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشگی تو ہم نے تم سے پہلے بھی کسی انسان کے لیے نہیں رکھی ہے اگر تم مرگئے تو کیا یہ لوگ جیتے رہیں گے؟۔ اس آیت کریمہ میں واضح بتا دیا گیا ہے کہ حضورؑ سے قبل بھی کسی کو دائمہ زندگی عطا نہیں کی گئی۔
اسی طرح ایک حدیث نبویؐ میں خود حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کی پیشن گوئی کی تھی کہ آج (جس دن حضورؐ نے یہ حدیث بیان کی) ر وئے زمین پر جو شخص زندہ ہے سوسال کے بعد وہ زندہ نہیں ہوگا۔ اس حدیث کے بعد یہ کیسے ممکن ہے کہ خضر علیہ السلام زندہ بچ رہے ہوں۔
خضرؑ کے بارے میں قرآن مجید میں بہت زیادہ ذکر نہیں آیا، نہ ہی ان کی امت یا قوم کا ذکر کیا گیا ہے لیکن ان کی موسیؑ سے ملاقات تفصیل کے ساتھ بیان کی گئی ہے۔ قرآن مجید کے مطابق خضرؑ موسیؑ کے استاد اور کچھ عرصے کیلئے دوست رہے۔ البتہ یہ بات حتمی ہے کہ خضرؑ نبی تھے اور اب دنیا میں موجود نہیں ہیں۔