شوہر کی شاطرانہ چال الٹی پڑ گئی، بیوی کو سزائے موت دلوانے کی کوشش میں خود قید
سنگاپور: ایک دل چسپ اور پیچیدہ کیس میں، ٹین ژیام لونگ نامی ایک شخص کو اپنی بیوی کو جھوٹے الزام میں پھنسانے کی کوشش کے دوران سزائے قید سنادی گئی ہے۔ ٹین ژیام لونگ نے اپنی بیوی کی گاڑی میں منشیات چھپانے کی کوشش کی تاکہ اس کی بیوی کو سزائے موت دلوانا ممکن ہو سکے، لیکن اس کی چال الٹی پڑ گئی اور اسے خود قید کی سزا مل گئی۔
ٹین اور ان کی بیوی کی شادی 2021 میں ہوئی تھی، مگر ایک سال بعد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ سنگاپور کے قوانین کے تحت قانونی طلاق کے لیے شادی کو کم از کم تین سال مکمل ہونا ضروری ہے، جس کے باعث دونوں طلاق کے لیے مقدمہ نہ کرسکے۔
ٹین نے اپنی بیوی کی گاڑی میں آدھا کلو سے زائد بھنگ چھپانے کا منصوبہ بنایا اور اس کے بعد اس کو پولیس کے حوالے کرنے کی کوشش کی۔ اس نے بھنگ خریدنے کے لیے ٹیلی گرام کے ایک چیٹ گروپ کا استعمال کیا اور اسے بیوی کی گاڑی میں چھپادیا۔ لیکن بدقسمتی سے، گاڑی میں نصب کیمرے نے ٹین کو گاڑی کے قریب دیکھا اور اس کی بیوی نے فوراً پولیس میں ہراسانی کی شکایت درج کرادی۔
پولیس کی تفتیش کے دوران، گاڑی سے منشیات برآمد ہوئیں اور ابتدائی طور پر ٹین کی بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیکن بعد میں تحقیقات کا رخ ٹین کی جانب موڑ دیا گیا۔ عدالت نے ٹین کو بھنگ رکھنے کے جرم میں 3 سال اور 10 ماہ قید کی سزا سنائی۔ ٹین کے وکیل نے دلائل دیے کہ وہ اس جرم کے وقت ڈپریشن کا شکار تھے، مگر عدالت نے اس دلیل کو مسترد کردیا کیونکہ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق ٹین کسی ذہنی عارضے میں مبتلا نہیں تھے۔