اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تیرہ اضلاع میں مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ سندھ کی قیادت اپنے حلقوں میں احتجاج کرے گی۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کیسز کی تلوار ہم پر لٹک رہی ہے، لیکن ہم آج صوابی جائیں گے اور اپنی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتشار یا ٹکراؤ کا ارادہ نہیں رکھتے۔ پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مولانا عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، لیکن پی ٹی آئی آئین اور عدلیہ کے اصولوں پر ڈٹی رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ہمارے ساتھ چلنا چاہے چلے، ورنہ پی ٹی آئی اکیلے ہی آگے بڑھے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 8 فروری کو مینارِ پاکستان پر جلسے کے لیے درخواست دی تھی، لیکن ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اجازت دینے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق، لاہور میں کرکٹ میچ، انٹرنیشنل اسپیکر کانفرنس، اور ہارس اینڈ کیٹل شو ہونے کے باعث سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے جلسے کی اجازت ممکن نہیں۔