لاہور پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہفتہ، 8 فروری کو صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت ہر قسم کے سیاسی احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنے ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ان پابندیوں کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنا ہے، کیونکہ عوامی اجتماعات شرپسند عناصر کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
عوامی آگاہی کے لیے حکومت نے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، تاکہ شہری کسی بھی غیر قانونی اجتماع میں شرکت سے گریز کریں۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔