دل کے دورے کے بعد نیند کیوں ضروری ہے؟
ایک نئی تحقیق کے مطابق، دل کے دورے کے بعد مناسب نیند لینا صحت یابی کے عمل کو تیز کرنے اور مستقبل میں دوسرے دل کے دورے کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اچھی نیند دل کو مضبوط کرنے اور صحت یابی میں مدد دیتی ہے۔ نیویارک کے ماؤنٹ سینائی آئیکان اسکول آف میڈیسن کے ڈاکٹر کیمرون میکالپائن نے کہا کہ نیند دل کے شفا یابی کے عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے، جہاں دل کے دورے کے بعد ان کے نیند کے معمولات اور دماغی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ہائی ریزولوشن امیجنگ اور جدید آلات سے یہ معلوم ہوا کہ دل کے دورے کے فوراً بعد گہری نیند کی مقدار میں اضافہ ہوا۔
مطالعے سے پتہ چلا کہ گہری نیند مدافعتی خلیوں، خاص طور پر مونوکیٹس کی سرگرمی کو بڑھاتی ہے۔ یہ خلیے جسم کو دل کے زخموں کو مندمل کرنے اور دوبارہ صحت مند بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
تحقیق نے واضح کیا کہ دل کے مریضوں کو صحت یابی کے دوران زیادہ آرام اور گہری نیند کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کا مدافعتی نظام بہتر طریقے سے کام کر سکے۔
ماہرین نے تجویز دی ہے کہ دل کے مریضوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں نیند کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ دل کے دورے کے بعد صحت یابی کا عمل مؤثر ہو سکے اور مزید پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
یہ تحقیق اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ مناسب نیند دل کے لیے ایک اہم علاج ہے۔