ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے یکم جنوری سے ہر سرکاری ملازم کی تنخواہ سے سالانہ 4 ہزار 350 روپے کٹوتی کی جائے گی۔ اس حوالے سے سیکریٹری خزانہ مجاہد شیردل نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں سےکٹوتی کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ہر سرکاری ملازم کی تنخواہ سے پریمیئم کی کٹوتی ہوگی۔ اگر میاں بیوی دونوں سرکاری ملازم ہوں گے تو دونوں میں سے صرف ایک کی تنخواہ کی کٹوتی ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب کی نگران حکومت نے دوران سروس وفات پاجانے والے سرکاری ملازمین کے خاندان کو دی جانے والی مراعات میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں۔ وزارت خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری ملازم کی دوران سروس وفات کی صورت میں اب بیوہ یا اولاد کو سرکاری ملازمت نہیں ملے گی تاہم اہل خانہ کی مالی معاونت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میںکے مطابق دوران سروس وفات پانے والے 1 سے 4 سکیل کے ملازم کےخاندان کو 16 لاکھ کی بجائے اب 50 لاکھ روپے اور سکیل 5 تا 10 کے ملازم کے اہلخانہ کو 19 کی بجائے 75 لاکھ روپے، سکیل 11 تا 15 کی فیملی کو 22 لاکھ روپے کی بجائے ایک کروڑ روپےدیئے جائیںگے۔
اسی طرح سکیل 16 اور 17 کے ملازم کے بیوی بچوں کو 25 لاکھ کے بجائے 1.5 کروڑ جبکہ سکیل 18 اور 19 کےسرکاری ملازمین کے خاندان کو 34 لاکھ کے بجائے 2 کروڑ روپے ملیں گے۔ صوبائی وزارت خزانہ کےنوٹیفکیشن کے مطابق اسکیل 20 اور زائد کے ملازم کی دوران سروس وفات پر ملازم کے خاندان کو مالی معاونت کی مد میں 40 لاکھ روپے کی بجائے 2 کروڑ روپے دیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے .