ویپنگ اور سگریٹ نوشی کا مشترکہ استعمال صحت کے لئے انتہائی خطرناک
اوہائیو:ویپنگ کا تمباکو نوشی کا ایک محفوظ متبادل سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔حالیہ تحقیق میں سگریٹ اور ویپنگ کا ایک ساتھ استعمال کرنے والوں کے حوالے سے ایک چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے
اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی میں ایک تازہ تحقیق کے دوران کے بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ سگریٹ اور ویپنگ دونوں کرتے ہیں انہیں پھیپھڑوں کے کینسر کے زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تحقیق نے تمباکو نوشی کے نقصانات پر پہلے سے موجود خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے خاص طور پر جب ویپنگ بھی اس میں شامل ہو۔
کولمبس میں اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی میں آنکولوجی کی محقق اور مطالعے کی مرکزی مصنفہ ماریسا بٹونی نے کہا کہ صحت عامہ کے نقطہ نظر سے ہم ہمیشہ روایتی اور ای-سگریٹ مصنوعات کے استعمال کے بارے میں فکر مند رہے ہیں۔ بٹونی نے اس تحقیق کے نتائج کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مطالعہ واضح ثبوت پیش کرتا ہے کہ تمباکو نوشی کے علاوہ ویپنگ بھی آپ کے پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
ماریسا اور ان کی ٹیم نے کولمبس کے علاقے میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کرنے والے تقریباً پانچ ہزار لوگوں میں ویپنگ اور سگریٹ دونوں کی شرحوں کا سراغ لگایا اور ان کا موازنہ کینسر کے بغیر تقریباً ستائیس ہزار تین سو لوگوں کے گروپ سے کیا۔ اس مطالعے میں شامل افراد کی عادات اور صحت کی تاریخ کا تجزیہ کیا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ویپنگ اور سگریٹ نوشی کا ان کی صحت پر کیا اثر ہوتا ہے۔
تحقیق کے نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ جو لوگ دونوں یعنی سگریٹ اور ویپنگ کرتے ہیں، ان کے پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ویپنگ، جو عام طور پر تمباکو نوشی کا ایک محفوظ متبادل تصور کیا جاتا ہے، دراصل اس سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے جب اسے روایتی سگریٹ نوشی کے ساتھ ملایا جائے۔
ماہرین صحت عامہ نے اس تحقیق کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تحقیق نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمیں ویپنگ اور سگریٹ نوشی دونوں کے خطرات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان مصنوعات سے پرہیز کریں اور صحت مند زندگی گزارنے کی کوشش کریں۔
اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق نے ایک اہم مسئلہ کو اجاگر کیا ہے جو صحت عامہ کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ یہ تحقیق اس بات کا ثبوت ہے کہ ویپنگ اور سگریٹ نوشی دونوں پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔ لہذا، لوگوں کو ان مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے اور صحت مند طرز زندگی اپنانا چاہئے تاکہ وہ پھیپھڑوں کے کینسر جیسے خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔