فٹ رہنے کیلئےسائیکلنگ بہترین،موت کے خطرات کوبھی کم کرتی ہے:تحقیق
لندن: نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سائیکلنگ جلد موت کے خطرے کو 47 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سائیکل سواروں میں قبل از وقت موت کا خطرہ دیگر افراد کی نسبت 47 فیصد کم
ہوتا ہے۔ سائیکل سواروں میں کسی بھی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ بھی اُن لوگوں کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہوتا ہے جو اپنے روز مرہ سفر کیلئے بس، گاڑی یا ٹرین استعمال کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق
سائیکل چلانا کینسر سے مرنے کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ دل کی بیماری کے خطرے کو 24 فیصد اور دماغی صحت متاثر ہونے کے خطرے کو 20 فیصد کم کردیتاہے۔اس تحقیق کے لیے برطانیہ کے 82 ہزار سے زیادہ باشندوں
کی سرگرمیاں 18 سال تک مانیٹر کی گئیں۔ جن کی عمریں تحقیق کے آغاز میں 16 سے 74 سال کے درمیان تھیں۔تحقیق میں شامل افراد نے اپنے نقل و حمل کے بنیادی ذرائع کے بارے میں بتایا جو وہ عام طور پر اپنے کام پر آنے جانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔