سائنسدانوں نے گنجے پن کا نیاعلاج دریافت کر لیا، کامیاب تجربہ
شیفیلڈ: ایک نئی تحقیق میں پتا چلا ہے کہ انسانی جسم میں قدرتی طور پر موجود شوگر، گنج پن کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ شوگر بالوں کے گرنے کے مسئلے کا مؤثر علاج فراہم کرنے والی ادویات کے ہم پلہ سمجھی جا رہی ہے۔
یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے سائنس دانوں نے اپنے پاکستانی ساتھیوں کے ساتھ مل کر کی گئی تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ "2-ڈی آکسی-ڈی-رائبوز” (2dDR) نامی قدرتی شوگر کی معمولی مقدار کے استعمال سے چوہوں میں بال دوبارہ اگنے لگے ہیں۔
محققین کے مطابق، یہ شوگر انسانی اور جانوری جسم میں مختلف حیاتیاتی افعال میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پچھلے آٹھ سالوں سے سائنس دان یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ یہ شوگر کس طرح نئے خون کی شریانیں بنا کر زخموں کی بھرپائی میں مدد کرتی ہے۔
تحقیقی ٹیم نے پایا کہ زخموں پر شوگر لگانے سے بالوں کی نمو میں نمایاں تیزی آئی، جبکہ جہاں یہ شوگر استعمال نہیں کی گئی تھی، وہاں بالوں کی افزائش سست رہی۔